کیوبیک30جنوری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)کینیڈا کے شہر کیوبیک میں تین مسلح افراد نے مسجد میں گھس کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔ یہ واقعہ اتوار ی شب پیش آیا جب 40 کے قریب مسلمان کیوبیک میں واقع اسلامی ثقافتی مرکز کے اندر عشاء4 کی نماز ادا کر رہے تھے۔ واقعے کے بعد مسجد کے گرد سکیورٹی گھیراؤ کرلیا گیا۔فرانسیسی نیوز ایجنسی کے مطابق پولیس نے دو مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے جن کے بارے میں خیال ہے کہ وہ فائرنگ کے واقعے میں ملوث ہیں۔ادھر کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم عبادت کے مرکز میں مسلمانوں پر اس دہشت گرد حملے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ اس سے قبل ٹروڈو نے اپنی ایک ٹوئیٹ میں کہا تھا کہ کیوبیک میں اس بزدلانہ حملے کا نشانہ بننے والوں کے لیے کینیڈا کے عوام کا دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔ مجھے واقعے کا شکار افراد اور ان کے اہل خانہ کا خیال ہے۔مسجد کے امام محمد ینگوئی نے بتایا کہ وہ واقعے کے وقت مسجد کے اندر نہیں تھے۔ تاہم انہوں نے دوران نماز لوگوں کی جانب سے مدد کی پکار سنی۔ ینگوئی کے مطابق زخمیوں کی صحیح تعداد معلوم نہیں ہو سکی اس لیے کہ انہیں شہر کے مختلف ہسپتالوں میں لے جایا گیا ہے۔دوسری جانب کیوبیک کی صوبائی حکومت کے سربراہ فلپ کوئیر نے ٹوئیٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ ان کی حکومت کیوبیک کے رہنے والوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے متحرک ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ رمضان المبارک کے دوران اسی مسجد کے دروازے پر نامعلوم افراد نے خنزیر کو سر رکھ دیا تھا۔